صدرجمہوریہ کا کل سے سات روزہ بیرونی ممالک کا دورہ

   

نئی دہلی، 17 جولائی (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 19 سے 25 جولائی تک مالدووا، مقدونیہ اور رومانیہ کے سرکاری دوروں پر جائیں گی۔وزارتِ خارجہ نے جمعہ کو بتایا کہ مرمو 20 جولائی کو مالدووا کی صدر مائیا ساندو کی دعوت پر مالدووا کا دورہ کریں گی۔ یہ کسی بھی ہندوستانی صدر کا مالدووا کا پہلا دورہ ہوگا۔ دورہ کے دوران صدرجمہوریہ اپنی ہم منصب صدر مائیا ساندو سے ملاقات کریں گی اور وفد کی سطح پر میٹنگ کریں گی۔ وہ مالدووا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ایگور گروسو سے بھی ملاقات کریں گی۔ وہ مالدووا۔ہندوستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اراکین کے ساتھ بھی تبادلۂ خیال کریں گی، ایک بزنس فورم سے خطاب کریں گی اور ہندوستانی برادری کے اراکین سے بھی بات چیت کریں گی۔ ہندوستان اور مالدووا کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ یہ دورہ ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا اور دوطرفہ تعلقات کو وسیع شراکت داری کے درجے تک لے جائے گا۔