صدردروپدی مرمو نے نیشنل واٹر ایوارڈ پیش کیا

   

نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو یہاں پانچویں قومی آبی ایوارڈ پیش کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ پانی ہر فرد کی بنیادی ضرورت اور بنیادی انسانی حق ہے اور سب کیلئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے بغیر ایک صاف اور خوشحال معاشرہ قائم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم دستیابی اور اس کی صفائی ستھرائی سے محروم لوگوں کی صحت، خوراک کی حفاظت اور معاش پر زیادہ اثر پڑتا ہے ۔ مرمو نے کہا کہ زمین پر پانی کے وسائل کی محدود دستیابی کے باوجود ہم پانی کے تحفظ اور اس کے انتظام پر توجہ نہیں دیتے ۔ یہ وسائل انسانی غفلت کی وجہ سے آلودہ اور ختم ہو رہے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ مرکزی حکومت نے پانی کے تحفظ اور پانی کی ذخیرہ اندوزی کو فروغ دینے کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں۔مرمو نے کہا کہ پانی کا تحفظ ہماری روایت رہی ہے ۔ ہمارے آباؤ اجداد گاؤں کے قریب تالاب بناتے تھے ۔ وہ مندروں میں یا اس کے آس پاس آبی ذخائر بناتے تھے تاکہ پانی کی قلت کی صورت میں ذخیرہ شدہ پانی کو استعمال کیا جا سکے۔