صدرنشین تروملا تروپتی دیواستھانم بی آر نائیڈو کی تلنگانہ اسمبلی آمد

   

اسپیکر اسمبلی اور صدر نشین قانون ساز کونسل سے ملاقات
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) تروملا تروپتی دیواستھانم کے نئے صدرنشین بی آر نائیڈو نے آج تلنگانہ اسمبلی پہنچ کر اسپیکر جی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور ڈپٹی چیر مین بنڈا پرکاش مدیراج سے ملاقات کی۔ دیواستھانم کے صدرنشین کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وہ تلنگانہ کے اہم قائدین سے خیرسگالی ملاقات کررہے ہیں۔ سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو نے اسمبلی پہنچنے پر بی آر نائیڈو کا استقبال کیا۔ اسپیکر پرساد کمار اور صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے صدرنشین تروملا تروپتی دیواستھانم سے خواہش کی کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کی جانب سے درشن کیلئے جاری کئے جانے والے سفارشی مکتوب کو قبول کرتے ہوئے تلنگانہ کے یاتریوں کو ترجیح دی جائے۔ تلنگانہ سے بڑی تعداد میں بھکت تروملا تروپتی کے درشن کیلئے جاتے ہیں اور سابق میں یہ روایت تھی کہ عوامی نمائندوں کے سفارشی مکتوب کو قبول کرتے ہوئے درشن میں ترجیح دی جاتی تھی۔ صدرنشین ٹی ٹی ڈی بورڈ نے تیقن دیا کہ وہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے بات چیت کرتے ہوئے اس بارے میں جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ ریاست کی تقسیم کے بعد سے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کے سفارشی مکتوب تروپتی میں قبول نہیں کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش سے بھی نمائندگی کی جاچکی ہے۔ صدر نشین بی آر نائیڈو سے ملاقات کرنے والوں میں رکن اسمبلی جی ست نارائن راؤ اور اسمبلی کے عہدیدار شامل ہیں۔1