صدر جمہوریہ دروپدی مرموکی دو روزہ دورہ پر آج شام حیدرآباد آمد

   

این ٹی آر اسٹیڈیم میں تقریب، جمعہ کو ہائی ٹیک سٹی میںلوک منتھن میں شرکت کریں گی، پولیس کے وسیع انتظامات
حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے دو روزہ دورہ حیدرآباد کا کل 21 نومبر سے آغاز ہوگا۔ دروپدی مرمو جمعرات کی شام 6 بجے انڈین ایر فورس کے خصوصی طیارہ سے بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچیں گی۔ وہ شام 6:20 تا 7:10 بجے راج بھون میں آرام کریں گی۔ شام 7:20 بجے این ٹی آر اسٹیڈیم میں کوٹی دیپا اُتسوم میں شرکت کریں گی۔ پروگرام کے بعد وہ راج بھون واپس ہوجائیں گی اور وہیں پر رات میں قیام رہے گا۔ صدر جمہوریہ 22 نومبر کو صبح 10:30 بجے ہائی ٹیک سٹی کے شلپا کلا ویدیکا میں لوک منتھن 2024 پروگرام میں شرکت کریں گی۔ صدر جمہوریہ دوپہر 12:05 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے نئی دہلی کیلئے پرواز کریں گی۔ صدر جمہوریہ کے دورہ کے موقع پر پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے صدر جمہوریہ کے دورہ کے مقامات کے اطراف تحدیدات نافذ کی ہیں اور ٹریفک کا رُخ دیگر علاقوں کیلئے موڑ دیا جائے گا۔ سائبرآباد پولیس نے صدر جمہوریہ کے دورہ ہائی ٹیک سٹی کے موقع پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے مادھا پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں ڈرون کے اُڑانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ پابندی 22 نومبر تک برقرار رہے گی۔ سائبرآباد کمشنر پولیس اویناش موہنتی نے کہاکہ احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ صدر جمہوریہ کے دورہ کے موقع پر 21 نومبر کو شام 5:30 بجے تا رات 9 بجے پنجہ گٹہ، گرین لینڈ جنکشن، بیگم پیٹ فلائی اوور، حیدرآباد پبلک اسکول، شام لال بلڈنگ، ایرپورٹ جنکشن، یشودھا ہاسپٹل، راج بھون روڈ، خیریت آباد فلائی اوور، نیکلس روڈ، این ٹی آر مارگ، تلگو تلی جنکشن، اقبال مینار، این ٹی آر اسٹیڈیم، اشوک نگر اور دیگر علاقوں میں ٹریفک پر پابندی رہے گی یا پھر ٹریفک کا رُخ موڑ دیا جائے گا۔ 22 نومبر کو صبح 9:30 تا دوپہر 12:15 بجے راج بھون، تاج کرشنا، این ٹی آر بھون، جوبلی ہلز چیک پوسٹ، کیبل برج، ساگر سوسائٹی، پنجہ گٹہ فلائی اوور، پرجا بھون، گرین لینڈس، بیگم پیٹ فلائی اوور اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک پر تحدیدات رہیں گی۔ شہریوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ اوقات میں متبادل راستے اختیار کریں۔ کسی بھی معلومات کیلئے ٹریفک پولیس نے ہیلپ لائن نمبر 9010203626 پر ربط کرنے کی خواہش کی ہے۔1