صنعتوں کے عدم قیام پر مختص اراضی واپس لی جائے

   

متعلقہ صنعتی اداروں کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے عہدیداروں کو کے ٹی راما راؤ کی ہدایت
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں صنعتی اداروں کو مختص کردہ اراضیات پر صنعتوں کے قائم نہ کئے جانے پر ان صنعتی ادارو ںکے خلاف کاروائی اور اراضیات کو واپس لینے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ‘ ٹکنالوجی و صنعت مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران ہدایا ت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام صنعتی اداروں کو نوٹس وجہ نمائی جاری کی جائے جو کہ اراضیات کے استعمال کے موقف میں تبدیلی اور صنعتوں کے قیام کے لئے اراضیات حاصل کرنے کے باوجود اس کا استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں جہاں ریاستی حکومت کی جانب سے صنعتی ادارو ںکے لئے اراضیات کی تخصیص عمل میں لائی گئی تھی ان اراضیات پر صنعتوں کے قیام کے اقدامات نہ کئے جانے کے سبب ریاستی حکومت کی جانب سے اراضیات واپس حاصل کئے جانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ریاستی حکومت کی جانب سے صنعتوں کے قیام کے ذریعہ ریاست کے عوام کو ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں اس مقصد کے تحت حکومت کی جانب سے صنعتی ادارو ںکو اراضیات مختص کی گئی تھیں اور کئی مقامات پر انتہائی معمولی قیمتوں پر اراضیات حوالہ کی گئی ہیں تاکہ ریاست کے نوجوانوںکو ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے باوجود صنعتی اداروں کی جانب سے صنعتیں قائم نہ کئے جانے اور اراضیات کے استعمال کو یقینی نہ بنائے جانے کے سبب اراضیات کی تخصیص کا مقصد فوت ہونے لگا ہے جس پر ریاستی حکومت کی جانب سے ان اراضیات کو واپس حاصل کرنے کے علاوہ ان صنعتی اداروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جنہوں نے اراضیات کے حصول کے باوجود کوئی صنعتی سرگرمیاں شروع نہیں کی ہیں یا پھر جائیدادوں کے موقف کو تبدیل کرنے کی پالیسی سے استفادہ کرنے کے باوجود ان اراضیات کو صنعتی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے محکمہ مال کے علاوہ محکمہ صنعت کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان تمام صنعتی ادارو ںکی فہرست تیار کریں جو کہ اراضیات حاصل کرنے کے باوجود صنعتی سرگرمیوں کا آغاز نہیں کرپائے ہیں۔ انہوں نے ان تمام صنعتی ادارو ںکے ذمہ داروں کو فوری نوٹس وجہ نمائی کی اجرائی کے ساتھ ان کے خلاف کاروائی اور اراضیات کے حصول کے اقدامات شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔