صومالیہ کی ہوٹل پر ’’الشباب ‘‘ کا دہشت گرد حملہ ، 26 ہلاک

,

   

مہلوکین میں امریکہ ، برطانیہ ، کینیڈا کے شہری موجود ، 56 زخمیوں میں دو چینی شامل
موگادیشو ۔ 13 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی صومالیہ کی ایک عالیشان ہوٹل میں جمعہ کی رات ایک تباہ کن دہشت گرد حملے میں کم سے کم 26 افراد ہلاک اور دیگر 56 زخمی ہوگئے جن میں کئی بیرونی شہری شامل ہیں۔ ایک سرکاری علاقائی عہدیدار نے کہاکہ ایک خودکش بمبار نے بندرگاہ کے شہر کسمایو کی عالیشان موبیند ہوٹل میں دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑی کو تیزی کے ساتھ گھسادیا ۔ القاعدہ سے ملحقہ تنظیم ’’الشباب ‘‘ نے حملہ کا دعوی کیا ہے ۔ انتہائی مسلح افراد باب الداخلہ پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے زبردستی اندر داخل ہوگئے جہاں تقریباً 12 گھنٹوں تک محاصرہ جاری رہا جو ہفتہ کی صبح سکیورٹی فورسیس کے ساتھ خوفناک تصادم کے بعد ختم ہوا ۔ نیم خوداختیار علاقہ جوبالینڈ کے صدر احمد محمد اسلام نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس حملے کے 26 مہلوکین میں برطانیہ اور کینیڈا کے ایک ایک شہری کے علاوہ کینیا کے تین ، تنزانیہ کے تین اور امریکہ کے دو شہری ہیں۔ انھوں نے کہاکہ زخمیوں میں دو چینی بھی شامل ہیں۔ کم سے کم چار مہلوکین دہری شہریت رکھتے تھے جس کی خاندانی ذرائع سے بھی توثیق ہوچکی ہے ۔ ایک سکیورٹی عہدیدار محمد عبدی ویلی نے کہا کہ ’’سکیورٹی فورسیس نے اب کنٹرول قائم کرلیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہوٹل کے اندر ہر طرف مہلوکین کی نعشیں اور زخمی افراد خون میں لت پت پڑے دیکھے گئے ۔ انھوں نے کہاکہ حکام سمجھتے ہیں کہ چار مسلح افراد جو ایک چشم دید گواہ کے مطابق صومالی پولیس کے یونیفارم میں ملبوس تھے ، اُس حملے میں ملوث تھے ۔ القاعدہ سے ملحقہ دہشت گرد تنظیم ’’الشباب‘‘ نے اس بہیمانہ حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔یہ ہوٹل مقامی رہنما ؤں کے درمیان کافی مقبول سمجھا جاتا ہے ۔حملے میں مارے گئے زیادہ تر لوگ شہری ہے . ان میں دو صحافی اور ایک صوبائی سربراہ امیدوار شامل ہے ۔ ایک شخص حسین مختار نے کہاکہ ہوٹل کے اندر ہر طرف افراتفری تھی ’’میں نے دیکھا کہ ہر طرف نعشیں بکھری پڑی تھیں اور لوگ ہرطرف دوڑ رہے تھے ۔ ‘‘