ضلع رنگاریڈی کو عالمی سیاحتی مرکز اور مہیشورم کو نیویارک کی طرز پر ترقی

   

میٹرو ٹرین کی حیات نگر تک توسیع، کانگریس کا اقتدار 10 سال تک رہے گا، رنگاریڈی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد /14 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رنگا ریڈی ضلع کے عبداللہ پور میٹ میں تاڑی تاسندوں کیلئے سیفٹی کٹ حوالے کرنے سے متعلق اسکیم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار، ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ، پونم پربھاکر اور مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے رنگاریڈی ضلع اور آؤٹر رنگ روڈ کے اطراف علاقوں کی ترقی سے متعلق حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ رنگاریڈی ضلع کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رنگاریڈی نہ صرف ملک بلکہ دنیا کے ایک نمایاں سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو برسراقتدار لانے میں گوڑ طبقہ کا اہم رول رہا ہے۔ کانگریس آنے اقتدار پر سے کمزور و پسماندہ طبقات کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت بی سی طبقات کی ترقی کیلئے کئی امدادی اسکیمات متعارف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر دور حکومت میں کمزور طبقات کے طلبہ کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا۔ کانگریس حکومت اڈوانس فیس ری ایمبرسمنٹ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضیات پر کھجور و تاڑی کے درخت اُگانے پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر ایکسائیز جوپلی کرشنا راؤ ون مہا اتسوم کے شجرکاری پروگرام کے تحت کھجور اور تاڑی کے درختوں کی کاشت کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے وزیر صنعت سریدھر بابو کو مشورہ دیا کہ وہ ذخائر آب اور تالابوں کے کنارے درخت لگانے محکمہ آبپاشی سے بات کریں۔ سڑکوں، تالابوں اور نہروں کے کنارے کھجور اور تاڑی کے درخت لگانے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گوڑ طبقہ سے مربوط ثقافت کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے۔ چیف منسٹر نے کمزور طبقات سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے سماج میں قائدانہ موقف پر فائز کریں۔ نئی نسل تلنگانہ کی تعمیر نو میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کو قانون سازی میں شراکت دار بنائیں کیونکہ تعلیم کے ذریعہ ہی اقتدار حاصل کیا جاسکتا ہے۔ میٹرو ریل پراجکٹ کی توسیع کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جلد حیات نگر تک توسیع دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں تمام منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ فارما کمپنیوں کیلئے مختص کردہ اراضی میں یونیورسٹیز، میڈیکل ٹورازم اور صنعتوں کے قیام کا منصوبہ ہے۔ نیویارک شہر کا مقابلہ کرنے مہیشورم میں ایک شاندار ترقی یافتہ شہر بسانے کی ذمہ داری حکومت نے قبول کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راچہ کنڈہ کے علاقہ کو فلم انڈسٹری کے ایک اہم مرکز میں تبدیل کیا جائے گا جو اوٹی سے بھی زیادہ ترقی یافتہ رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آوٹر رنگ روڈ پر فارما انڈسٹریز قائم کئے ہیں اور انٹرنیشنل ایرپورٹ کا قیام بھی کانگریس دور حکومت میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں شہر کے اطراف ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ترقی کے بجائے منشیات اور گانجہ کے کلچر کو فروغ دیا گیا۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس ارکان اسمبلی کی شمولیت پر کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ کانگریس کا کام ختم ہوچکا ہے، اب ان کے ساتھ صرف چند لوگ رہ گئے ہیں۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی تلنگانہ کی ترقی کیلئے کانگریس کی تائید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس آئندہ دس برسوں تک برسراقتدار رہے گی اور حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی۔ بی آر ایس حکمرانوں نے تلنگانہ کو مقروض بنادیا ہے اور کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد مسائل سے اُبھرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے 8 لاکھ کروڑ کا ریاست کو مقروض بنادیا ہے جس کیلئے ہر ماہ 70 ہزار کروڑ سود ادا کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے تاڑی تاسندوں کے ساتھ اجتماعی لنچ میں شرکت کی۔ رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی، ارکان اسمبلی مل ریڈی رنگاریڈی، پرکاش گوڑ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔1