ضلع محبوب نگر میں عوامی مسائل کے اندراج کا آن لائن پروگرام

   

حیدرآباد۔عوامی مسائل کے حل کیلئے اب تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ بھٹکنے کی ضرورت نہیں رہی کیونکہ اب لوگوں کے پاس اپنے مسائل سے عہدیداروں کو واقف کروانے کیلئے سل فون،واٹس اپ کا ہونا کافی ہے ۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے پیر سے آن لائن عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایاجائے گا۔لوگ فون کے ذریعہ اپنے مسائل،شکایات،عہدیداروں تک پہنچا سکتے ہیں۔ضرورت پڑنے پرویڈیوکال کے ذریعہ بھی بات کرتے ہوئے مسائل سے واقف کروایاجاسکتا ہے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں میں خوف کی کیفیت پائی جاتی ہے ۔لاک ڈاون کی وجہ سے پرجاوانی پروگرام کو ملتوی کیاگیا تھا جس کی وجہ سے عوامی مسائل کے حل میں دشواریاں ہورہی تھیں۔کلکٹر وینکٹ راو کی ہدایت پر ڈیجیٹل طریقہ سے پرجاوانی پروگرام منعقد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔اس پروگرام کے ذریعہ عوامی مسائل عہدیداروں کو بھیجے جارہے ہیں۔مسائل کی سنگینی کے لحاظ سے ضلع،ڈیویثرن،منڈل کی سطح کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیوکانفرنس کے ذریعہ بات چیت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔یہ سہولت پیر کو 11بجے دن سے 12بجے دوپہر تک ہی دستیاب رہے گی۔مقررہ وقت پر ضلع،منڈل،ڈیویثرن کی سطح کے عہدیدار آن لائن دستیاب رہیں گے ۔ عوام سے وصول ہونے والی شکایات کا اندراج کیاجائے گا۔یہ بھی اس رجسٹرمیں لکھاجائے گاکہ متعلقہ عہدیدار نے کتنے دن میں کسی مخصوص مسئلہ کو حل کیاہے۔