ضلع محبوب نگر کی ترقی اور ویلفیر اسکیمات پر عمل آوری

   


جموں و کشمیر کے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کا اظہار اطمینان
محبوب نگر۔/23 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر ضلع کی ترقی اور ویلفیر اسکیمات پر عمل آوری بہتر انداز میں جاری ہے۔ ان احساسات کا اظہار جموں و کشمیر کے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں نے کیا۔ اس وفد نے ضلع کے دورہ کے بعد اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ محبوب نگر ضلع میں پنچایت راج، دیہی ترقیاتی اسکیمات و دیگر ویلفیر اسکیمات بہتر انداز میں انجام دی جارہی ہیں۔ یہ وفد جمعرات کے دن ضلع کے دو روزہ پروگرام کے تحت پہنچا اور کے سی آر ایکو اربن پارک کا دورہ کیا۔ ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ستیہ نارائنا، ڈی پی او وینکٹیشور لو، ضلع ٹورازم آفیسر وینکٹیشورلو، ضلع پریشد سی ای جیوتی نے ان کا ایکو پارک پر خیرمقدم کیا اور ضلع کے ترقیاتی کاموں سے واقف کروایا۔ وفد کو بتایا گیا کہ گزشتہ 8 برس میں ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ کی خصوصی دلچسپی سے ضلع میں غیر معمولی ترقیاتی کام انجام دیئے گئے۔ کے سی آر اربن ایکو پارک 2097 ایکر پر پھیلا ہوا ہے اور یہ ملک کا سب سے بڑا پارک ہے۔ ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ستیہ نارائنا نے پاورپوائٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ تفصیلات سے واقف کروایا۔ وفد نے اس موقع پر نمائش کا بھی مشاہدہ کیا۔ ٹورازم آفیسر وینکٹیشورلو نے وفد کو بتایا کہ پارک میں ایڈوینچر پارک ، ہرن پارک، بٹر فلائی پارک اور رین واٹر پارک وغیرہ قائم ہیں۔وفد میں ضلع جموں و کشمیر کی ضلع پریشد چیرمین شلپا دوبے، احمد رونیال، حکیمہ بیگم، زاہدہ حمید کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر سرجیت موجود تھے۔ اس موقع پرضلع کے عوامی نمائندے و عہدیداران موجود تھے۔