ضلع ورنگل کا نام تبدیل کر کے پی وی نرسمہا راؤ کے

   

نام سے موسوم ، چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا فیصلہ
حیدرآباد : ریاست کے ایک اور ضلع کا نام بدلنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ ریاست تلنگانہ کی تاریخ کے اہم اور مرکزی حیثیت کے حامل ضلع ورنگل کے نام کو بدلنے کے اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے اور حکومت امکان ہے کہ ورنگل رورل کا نام سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کے نام سے موسوم کرے گی ۔ پی وی کی صد سالہ تقاریب جاری ہے اور اتوار کے دن اس کا آغاز ہوا تھا اور ایک سال تک یہ صدی تقاریب سرکاری طور پر منائی جائے گی ۔ کے سی آر حکومت نے تقاریب کے دوران پی وی این آر کے نام سے ضلع کو موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور امکان ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اندرون دو دن اس کا اعلان کریں گے ۔ پی وی نرسمہا راؤ کی جائے پیدائش لاکنے پلی نرسم پیٹ منڈل سے ہے ۔ یہ علاقہ موجودہ ورنگل رورل ضلع کے تحت آتا ہے ۔ اس لحاظ سے سابق وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرنے کی کوشش سمجھی جاتی ہے ۔ قدیم ضلع ورنگل ریاست کی از سر نو حد بندی اور نئے اضلاع کی تشکیل میں 6 اضلاع میں تقسیم ہوچکا ہے ۔ جن میں جنگاؤں ، جے شنکر بھوپال پلی ، ورنگل اربن ، ورنگل رورل ، محبوب آباد اور ملگ شامل ہیں ۔۔