حیدرآباد۔3۔نومبر۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ضلع ورنگل کو ریاست کے دوسرے دارالحکومت کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کرے گی ۔ ریاستی وزیر مال مسٹر پی سرینواس ریڈی نے یہ بات کہی ۔ انہو ں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ممنور ائیر پورٹ کے آغاز کے سلسلہ میں
موجود تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کرلئے ہیں اور جلد ہی مرکزی حکومت کی جانب سے ورنگل میں ممنور ائیر پورٹ کے احیاء کے لئے اجازت حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ریاستی وزیر مال نے بتایا کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے ممنور ائیر پورٹ کے آغاز کو یقینی بنایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ضلع ورنگل کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جاسکے گا۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بھدراکالی ذخیرہ آب کو پینے کے پانی کے ذخیرہ آب کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس سے ورنگل کے پینے کے پانی کے مسائل حل ہوں گے۔ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ضلع ورنگل کو ترقی دینے کے لئے متعدد اقدامات کا آغاز کیا ہے اور اسے دوسرے دارالحکومت کے طور پر ترقی دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا بھدراکالی ذخیرہ آب کے بفر زون اور تالاب میں قبضہ کرنے والوں کے خلاف حکومت کاروائی کرے گی اور اراضی کو واپس حاصل کیا جائے گا۔3
مسٹر پی سرینواس ریڈی آج ورنگل کا دورہ کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندو ں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ممنور ائیر پورٹ کے آغاز کے سلسلہ میں موجود تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے ائیر پورٹ کے آغاز کا انتظارہے۔واضح رہے کہ 1980 سے بند ممنور ائیر پورٹ کے احیاء کے سلسلہ میں ریاستی ومرکزی حکومت کی طویل مدت سے اقدامات کر رہی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ ممنور ائیر پورٹ کا جاریہ سال اختتام تک آغاز ہوجائے گا۔ ممنور ائیر پورٹ کی جملہ 700ایکڑ اراضی ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے پاس محفوظ ہے جبکہ مزید 200 ایکڑ اراضی کے حصول کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر کی جانب سے اقدامات کو تیز کیا جا چکا ہے ۔3
ممنور ائیر پورٹ کو مرکزی وزار ت شہری ہوا بازی کی اسکیم ’’اڑان‘‘ کے ذریعہ ترقی دیتے ہوئے اسے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے جاریہ ماہ کے اواخر تک درکار اجازت ناموں کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔3