روز نامہ ’سیاست‘ کی خبر کا اثر
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) سرکاری فوائد حاصل کرنے کیلئے فرضی معذور سرٹیفکیٹ اجرائی اسکام سے متعلق روز نامہ ’سیاست‘ میں شائع شدہ خبر کا حکام پر فوری اثر ہوا اور ضلع کلکٹر کریم نگر نے معذورین کی بھلائی سے متعلق ڈسٹرکٹ آفیسر کو اس معاملہ کی جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کلکٹر کریم نگر نے ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسر کو روزنامہ ’سیاست‘ میں 7 فروری کو شائع شدہ خبر کا انگریزی ترجمہ حوالے کرتے ہوئے اس معاملہ کی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ کلکٹر نے سیول ہاسپٹل میں مبینہ طور پر جاری اسکام پر برہمی کا اظہار کیا اور خاطیوں کا پتہ چلانے کی ہدایت دی۔ یوں تو یہ اسکام طویل عرصہ سے جاری بتایا گیا ہے لیکن ’سیاست‘ میں خبر کی اشاعت کے ساتھ ہی کلکٹر نے فوری کارروائی کی۔ کریم نگر ضلع کی معذورین بھلائی عہدیدار نے ’سیاست‘ سے ربط قائم کرتے ہوئے اس بارے میں مزید تفصیلات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی جانچ کا کام جاری ہے اور عنقریب ضلع کلکٹر کو رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ عہدیدار نے کہا کہ بعض افراد سرکاری فوائد کیلئے گورنمنٹ ہاسپٹل سے جھوٹے سرٹیفکیٹ حاصل کرتے ہوئے خود کو معذور ظاہر کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جلد ہی اس اسکام کے پس پردہ عناصر کا پتہ چلالیا جائے گا۔ ر