کاماریڈی میں وداعی تقریب سے ضلع کلکٹر آشیش سنگوان کا خطاب ، تہنیت کی پیشکشی
کاماریڈی۔ یکم مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ سب کلکٹر کرن مائی کاتبادلہ پر روانہ ہونے والی آئی اے ایس عہدیدار ڈاکٹر کرن مائی کے اعزاز میں کاماریڈی کلکٹریٹ میں آئی ڈی او سی کانفرنس ہال میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے تقریبِ وداعی منعقد کی گئی، جس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداران اور ملازمین نے شرکت کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سنگوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کرن مائی نے اپنے دورِ خدمت میں نہایت خلوص، دیانتداری اور عزم کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے عوامی سطح پر بھرپور ستائش حاصل کی۔ انہوں نے خواتین و اطفال کی بہبود، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اہم اقدامات کرتے ہوئے ضلع کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ کلکٹر نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کو زمینی سطح پر سمجھ کر فوری حل فراہم کرنا اور شفاف طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا ان کی نمایاں خصوصیات میں شامل رہا، اور ان کی کارکردگی نوجوان عہدیداروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کرن مئی نے کہا کہ ضلع میں ان کی خدمات ایک تربیتی مرحلہ رہا، جہاں انہوں نے کلکٹر آشیش سانگوان کی رہنمائی میں کئی اہم اُمور سیکھے۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹر کی رہنمائی، مشورے اور حوصلہ افزائی ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں نہایت معاون ثابت ہوئے۔ انہوں نے ضلع کے عہدیداران، ریونیو عملہ اور بالخصوص بانسواڑہ کے عوام کے تعاون کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹرس مدھو موہن سمیت دیگر عہدیداران، تحصیلدار اور کلکٹوریٹ عملہ موجود تھے جنہوں نے ڈاکٹر کرن مائی کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں یادگاری تحفہ پیش کیا۔