ضیاء الرحمن قتل کیس ، 4 افراد کے خلاف مقدمہ

   

دیوبند: رام پور منہیاران تھانہ علاقہ کے گائوں اسلام نگر میں گزشتہ دو روزقبل ایک مسلم نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل کردیئے جانے اور لڑکی کے ذریعہ خودکشی کرنے کے معاملے میں پولیس نے لڑکی کے والد سمیت چار افراد کے خلاف غیرارادتاً قتل کا مقدمہ قائم کیا ہے۔ یہ معاملہ الگ الگ فرقہ سے جڑا ہونے کی وجہ سے کشیدگی کو دیکھتے ہوئے گائوںمیں ابھی بھی پی اے سی اور پولیس تعینات ہے۔ رام پور منہیاران تھانہ پر گائوں اسلام نگر کے رہنے والے مقتول نوجوان ضیاء الرحمن کے والد ایوب نے لڑکی تنو کے والد جنیشور ، چچا، منیشور، پریانشو، شیوم وغیرہ کے خلاف غیرارادتاً قتل کا مقدمہ قائم کرایا ہے۔ ایوب نے الزام عائد کیا کہ اس کے لڑکے ضیاء الرحمن کو ملزمان نے فون کرکے گھر بلایا تھا اورپھر لاٹھی ڈنڈوں سے بری طرح سے مارپیٹ کی جس کی وجہ سے اس کے لڑکے کی موت واقع ہوگئی۔ اس سلسلہ میں ایس پی سٹی ابھیمنیو مانگلک نے بتایا کہ نوجوان فریق کی جانب سے لڑکی فریق کے چار افراد کے خلاف غیرارادتاً قتل کا مقدمہ قائم کرایا گیا ہے۔