طالبان اب ایک حقیقت ہیں‘ دنیا کو انہیں موقع دینا ہوگا

   

طالبان حکومت کو تسلیم کرنے پڑوسی ممالک کیساتھ بات چیت جاری: عمران خاں
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہیکہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے میکینزم پر پڑوسی ممالک کے ساتھ کام کررہے ہیں جب کہ طالبان اب ایک حقیقت ہیں اور دنیا کو انہیں موقع دینا ہوگا۔روسی ٹی وی کو دئے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن پر افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلا کے معاملے پر تنقید درست نہیں، جوبائیڈن نے جو کیا وہ بہت سمجھدارانہ اقدام تھا ان پر ناجائز تنقید کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں، سانحہ نائن الیون سے کوئی تعلق نہ ہونے پر بھی پاکستان کو اتحادی فورس کاحصہ بنایا گیا، اب امریکہ کا اپنی ناکامیوں پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا افسوسناک ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکہ کے خلاف طالبان کی مدد کا الزام درست مانا جائے تو مطلب پاکستان امریکہ سے زیادہ طاقتور ہے جب کہ پاکستان پر طالبان کی مدد کرنے کا پروپیگنڈا افغانستان کی کٹھ پتلی حکومت نے کیا، اشرف غنی حکومت نے اپنی نااہلیوں کو چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو ہندوستان نے اپنے ناپاک عزائم پورے کرنے کیلئے اسپانسر کیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے میکینزم پر پڑوسی ممالک کے ساتھ کام کررہے ہیں، طالبان اب ایک حقیقت ہیں اور دنیا کو انہیں موقع دینا ہوگا، مستحکم اورپر امن افغانستان کیلئے عالمی برادری کو طالبان حکومت کی ہمت افزائی کرنا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا بجٹ 75 فیصد عالمی امداد سے چلتا ہے، عالمی پابندیوں سے افغانستان تباہ ہو جائے گا۔