طالبان نے ایک اور امریکی قیدی کو رہا کردیا

   

کابل: افغانستان کے حکمران طالبان نے رواں برس قید ہونے والی ایک خاتون کو رہا کردیا۔غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لیے امریکہ کے سابق سفیر زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ طالبان نے گزشتہ ماہ افغانستان میں قید ہونے والی امریکی شہری فائی ہال کو رہا کردیا ہے۔زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ امریکی شہری فائی ہال کو طالبان نے ابھی رہا کردیا ہے اور وہ اس وقت کابل میں ہمارے قطری دوستوں کی نگہداشت میں ہے اور جلد ہی اپنے گھر کی طرف روانہ ہوجائیں گی۔امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اس پیش رفت کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی اور زلمے خلیل زاد نے بھی تفصیل نہیں بتائی ۔
تاہم انہوں نے سوشل میڈیا پر فائی ہال کی ایک تصویر جاری کردی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ افراد کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فائی ہال کو افغانستان میں فروری میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں عدالت کے حکم اور قطر سے حاصل لاجسٹک سپورٹ کے بعد جمعرات کو رہا کردیا گیا۔