طالب علم کی فیس جرمانہ کے ساتھ ادا کرنے ڈگری کالج کو ہدایت

   

کنزیومر ڈسپیوٹ کمیشن کا فیصلہ
حیدرآباد: حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈریسل کمیشن نے ایک ڈگری کالج کو سکنڈ ایئر کے طالب علم کی ٹیوشن فیس واپس کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ 10,000 روپئے کے معاوضہ کا حکم دیا گیا۔ حمایت نگر کے ایک خانگی ویمنس ڈگری کالج کی شکایت کمیشن سے کی گئی تھی۔ نارائن گوڑہ کی ساکن ایم جھانوی نے بی ایس سی کورس میں 2017-18 تعلیمی سال کیلئے داخلہ لیا تھا ۔ سکنڈ ایئر کے دوران وہ بیچلر آف فزیو تھراپی کورس میں داخلہ کی اہل قرار پائیں۔ طالبہ نے کالج انتظامیہ سے اوریجنل سرٹیفکٹس واپس کرنے کی درخواست کی لیکن کالج نے سکنڈ ایئر کی فیس جمع کرنے کا مطالبہ کیا۔ طالبہ نے اس معاملہ کو کنزیومر ڈسپیوٹ کمیشن سے رجوع کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کالج کی جانب سے سکنڈ ایئر کورس کی فیس اڈوانس میں وصول کرنا مناسب نہیں ہے ۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قواعد کے مطابق کمیشن اس نتیجہ پر پہنچا کہ کالج نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ کمیشن نے کہا کہ داخلہ کے وقت کسی بھی طالب علم سے اوریجنل سرٹیفکٹس طلب کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ کسی بھی تعلیمی ادارہ کو اوریجنل سرٹیفکٹس اپنے قبضہ میں رکھنے کا اختیار نہیں ہے۔
نوہیر ا شیخ کو سپریم کورٹ سے 6ہفتوں کی عبوری ضمانت
حیدرآباد۔ ہیرا گولڈ اسکام کیس کی اصل ملزم نوہیرا شیخ کو سپریم کورٹ کی جانب سے 6 ہفتوں کیلئے عبوری ضمانت منظور کی گئی ہے۔ اس دوران انہیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ اپنے تمام شکایت کنندگان کے واجبات کی تکمیل کریں گی اور اس سنگین فراڈ کے انوسٹگیشن آفیسر کے پاس 6 کروڑ روپئے ڈپازٹ کریں گی۔ سپریم کورٹ نے نوہیرا شیخ کو ہر پیر کی صبح 10 بجے حیدرآباد کے کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔تلنگانہ حکومت کی اپیل پر سپریم کورٹ نے یہ احکامات جاری کئے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 15 مارچ کو مقرر کی گئی ہے۔