اردو کی ترقی اور فروغ کیلئے اسکیمات پر موثر عمل آوری کا تیقن، چیف منسٹر اور ہائی کمان سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے عہدہ کا آج جناب طاہر بن حمدان نے جائزہ حاصل کرلیا۔ حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن اور ریاستی اردو اکیڈیمی کے صدورنشین کے تقررات عمل میں لائے اور جناب طاہر بن حمدان نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ حج ہاوز میں واقع اردو اکیڈیمی کے دفتر میں پارٹی قائدین اور عہدیداروں کی موجودگی میں طاہر بن حمدان نے ذمہ داری سنبھال لی۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدر ضلع کانگریس کمیٹی نظام آباد موہن ریڈی، ضلع کے کانگریس اور اقلیتی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مختلف اردو تنظیموں کے نمائندوں نے طاہر بن حمدان کو مبارکباد پیش کی۔ جائزہ حاصل کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے طاہر بن حمدان نے کہا کہ وہ اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے اکیڈیمی کی تمام اسکیمات پر موثر عمل آوری کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کیلئے ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں ہائی کمان نے ذمہ داری دی ہے جسے وہ بخوبی نبھانے کی کوشش کریں گے۔ طاہر بن حمدان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی، انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، ریاستی وزراء اور ہائی کمان کے قائدین سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی پالیسی اور پروگراموں کو عوام سے پہنچانے سے متعلق ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہ تمام اردو والوں کی تجاویز اور مشورے حاصل کرتے ہوئے اسکیمات پر عمل کریں گے۔ صدرنشین اردو اکیڈیمی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی 6 ضمانتوں کو عوامی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 35 سال قبل وہ صحافی کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کرچکے ہیں اور وہ صحافتی برادری کی تجاویز حاصل کرتے ہوئے اردو اکیڈیمی کی کارکردگی کو بہترین بنائیں گے۔ انہوں اردو والوں سے اپیل کی کہ کوتاہیوں کے بارے میں نشاندہی کریں۔ جائزہ حاصل کرنے سے قبل قرت کلام پاک و دعاء کا اہتمام کیا گیا۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی شیخ لیاقت حسین نے نئے صدرنشین کو اکیڈیمی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔1