کلکٹر ملکاجگیری کی بی سی کمیشن کو رپورٹ، میونسپل کمشنر جواہر نگر کو وجہ نمائی نوٹس
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن نے ملکاجگیری ضلع میں ذات پات پر مبنی سروے سے متعلق فارمس کے سڑک پر پائے جانے کی خبروں کا سختی سے نوٹ لیتے ہوئے ضلع کلکٹر سے رپورٹ طلب کی ہے۔ میڈیا کے بعض گوشوں میں یہ خبریں شائع ہوئیں کے میڑچل ضلع میں سروے سے متعلق فارمس فلپ کئے جانے کے بعد سڑک پر پائے گئے۔ صدر نشین بی سی کمیشن جی نرنجن نے ضلع کلکٹر پی گوتم سے ربط قائم کرتے ہوئے وضاحت طلب کی۔ کلکٹر نے اس سلسلہ میں بی سی کمیشن کو رپورٹ روانہ کی ہیں۔ جواہر نگر میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 27 کے تحت تارناکہ اور دیگر علاقوں میں سروے سے متعلق فارمس کی اطلاع ملی۔ کلکٹر نے بتایا کہ میونسپل کمشنر جواہر نگر اور سروے کے نگرانکار عہدیداروں سے معلومات حاصل کی گئیں جس پر پتہ چلا کہ یہ فارمس جواہر نگر وارڈ کے ہیں۔ سپروائزر کی جانب سے فارمس کی منتقلی کے دوران ان کی گاڑی سے یہ گر گئے۔ میونسپل کمشنر جواہر نگر نے مقامی عوام کی مدد سے فارمس کو حاصل کیا اور عہدیداروں کے حوالہ کیا۔ فارمس کی منتقلی میں تساہل پر شریمتی ایم جیوتی، ایم پی ایس او دفتر تحصیلدار کاپرا کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔1
کلکٹر نے بتایا کہ تمام کے تمام نگرانکار عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فارمس کی منتقلی میں احتیاط کریں۔ باکس میں منتقل کرنے کی بجائے کھلے عام منتقلی کے خلاف کمشنر جواہر نگر کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی۔ میونسپل کمشنر جواہر نگر نے ضلع کلکٹر کو اطلاع دی ہے کہ علاقہ کے تمام فارمس محفوظ ہیں۔ 1