نئی دہلی ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت فروغ انسانی وسائل کے عہدیداروں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایم جگدیش کمار پر زور دیا ہے کہ وہ طلبہ کے ساتھ رابطہ میں اضافہ کریں اور فیکلٹی ممبر س کو اعتماد میں لیں۔ اس طرح سمسٹر رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کی کوشش کریں ۔ اتوار کی رات نقاب پوش افراد کی جانب سے جے این یو کیمپس میں طلبہ اور فیکلٹی پر حملہ کے بعد وائس چانسلر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے حملہ کے وقت فوری کارر وائی نہیں کی۔ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری امیت کھرے اور جی سی ہوزر نے یونیورسٹی میں آج وائس چانسلر سے ملاقات کی اور کیمپس میں حالات کو بحال کرنے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر بتایا کہ خواہشمند طلبہ کے سمسٹر رجسٹریشن کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ رابطہ میں کمی کے باعث مختلف شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں۔