شادنگر 22 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رنگا ریڈی ضلع کے شادنگر میں دہلی میں طلبہ پر پولیس کارروائی کے خلاف ایک احتجاجی ریالی نکالی گئی۔ یہ ریالی امر ویروں کے یادگاری ستون سے ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کے مجسمے تک منعقد ہوئی ، جس میں سینکڑوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ شرکاء نے نیٹ اور سی بی ایس ای امتحانات کے انعقاد میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پرچہ لیک ہونے کے معاملات پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور طلبہ کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی دہلی میں جاری طلبہ کی تحریک سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ دہلی میں احتجاج کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمی طلبہ اور مظاہرین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے فوری استعفے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔اس احتجاجی پروگرام میں پی۔ وینکٹیا، ایم۔ نرسمہلو، ایم۔ تروملیا، کے۔ رویندر ناتھ، وی۔ سری کانت، پون چوہان، ٹی۔ کروناکر، جی۔ شیوا ریڈی، کے۔ وینکٹیا، بی۔ ستیّم، جے۔ لکشمی دیومّا، ولیگے کرشنا، چندر شیکھر، ایل۔ رامولو، سرینو نائک، نکا بالاراج، ارجنپا، ایم۔ جناردھن، اساتذہ منجولا، کویتا، سی آئی ٹی یو راجو، شینو نائک، پرنجیوتی، گورلا راما، بیشوا کرشنیا، شیکھر گوڑ، ایس ایف آئی شیوا سمیت سینکڑوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔