نظام آباد میں کانگریس کی شمع بردار ریالی سے ڈی سی سی صدر ناگیش ریڈی کا خطاب
نظام آباد۔26جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ پر ضلع کانگریس صدر ناگش ریڈی ،ٹاؤن صدر بوببلی رام کرشنا نے ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ اور جمہوریت کی فتح ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت نے طویل عرصے تک مسئلہ کو نظرانداز کرتے ہوئے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی، تاہم طلبہ کی مسلسل جدوجہد اور کانگریس قائد راہل گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں کی حمایت کے باعث حکومت کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی بھی عوام کے سامنے آکر نیٹ پرچہ لیک معاملہ اور طلبہ کے ساتھ ہونے والی نا انصافی پر بیان دینا پڑا ۔ناگیش ریڈی۔ بوببلی رام کرشنا نے کہا کہ جس طرح کسان مخالف قوانین واپس لینے پر حکومت مجبور ہوئی، اسی طرح نیٹ پرچہ لیک معاملہ نے بھی حکومت کی ناکامی کو بے نقاب کردیا گیا۔ ضلع کانگریس صدر ناگیش ریڈی اور ٹاؤن صدر بوببلی رام کرشنا کی قیادت میں اندرا گاندھی کے مجسمہ سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ تک شمع بردار ریالی نکالی گئی۔ اس موقع پر ناگیش ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر تعلیم کے استعفیٰ میں این ایس یو آئی نے کلیدی کردار ادا کیا اور اس تحریک کو راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ سے قبل دھرمیندر پردھان کی جانب سے احتجاج کرنے والے طلبہ کو ”ملک دشمن” اور ”اربن نکسلائٹ” قرار دینا انتہائی افسوسناک اور مضحکہ خیز تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کی فوری امداد کی جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اس شمع بردار ریالی میں ریاستی تاڈی ٹاپر کارپوریشن چیئرمین شیکھر گوڑ، کویتا ریڈی، محمد عبدالقدوس سابق کارپوریٹر، مصطفی الکاف ،سید قیصر کے علاوہ بھکت وتسلم، یاداگیری، وپل گوڑ، پروین گوڑ، شرتھ، معین یونس، کارپوریٹرس، سابق کارپوریٹرس، یوتھ کانگریس کے قائدین اور کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔