طلبہ کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا اساتذہ کی ذمہ داری

   

محبوب نگر میں ضلع سطح کے سائنس فیر کا افتتاح ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر /30 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہر طالب علم میں کوئی نہ کوئی صلاحیت چھپی رہتی ہے ۔ اس کو اُجاگر کرنا اور حوصلہ افزائی کرنا ٹیچرز کا کام ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا ا ظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے مستقر محبوب نگر کے فاطمہ ودیالیہ میں ضلع سطح کے سائنس فیر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معاملے میں والدین طلباء پر اپنی مرضی مسلط نہ کریں بلکہ ان کی مرضی کے مطابق تعلیم دلوائیں البتہ بچوں کے رہن سہن اور ڈسپلن وغیرہ پر ضرور نظر رکھیں ۔ بچے اچھائی کے مقابل برائی کی طرف جلد راغب ہوتے ہیں ۔ اسی لئے اسمارٹ فونس اور ٹی وی سے انہیں دور رکھیں ۔ ڈگری کی تعلیم تک ان پر کڑی نظر رکھیں ۔ سائنس فیر میں ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں سائنٹسٹ بنائیں کیونکہ سائنٹسٹ ہی بڑی سے بڑی وبائی بیماریوں کیلئے دوا ایجاد کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے محبوب نگر کے طلباء کے تعلیمی معیار پر اطمینان ظاہر کیا ۔ صدارت ڈی ای او رویندر نے کی ۔ ایم پی نے سرینواس ریڈی ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین نرسمہا ، لائبریرین چیرمین راجیشور گوڑ ڈی سی سی بی چیرمین نظام پاشاہ ، اگریکلچر مارکٹ کمیٹی چیرمین محمد عبدالرحمن ، ضلع سائنس آفیسر سرینواسلو و دیگر موجود تھے ۔ سائنس فیر میں 240 اسکولس کے طلباء نے 342 مختلف نمونے نمائش کیلئے پیش کئے ۔