طوفان فینگل کا اثر ، شہر و اضلاع میں ہلکی تا تیز بارش

   

حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآبا د کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں طوفان ’فینگل‘ کے اثرات نظر آنے لگے ہیں اور دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں آج ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دن بھر مطلع ابرآلود رہنے کے نتیجہ میں موسم خوشگوار رہا۔ طوفان ’فینگل ‘ کے ٹاملناڈو اور پوڈیچیری کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ شہر کے نواحی علاقوں اپل ‘ دلسکھ نگر‘ کوکٹ پلی ‘ ناگول‘ کاپرا‘ ناگارم اور ناچارم کے علاوہ دیگر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ مزید 3یوم کے دوران موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی ریکارڈ نہیں کی جائے گی بلکہ یدادری بھونگیر ‘جنگاؤں ‘ سدی پیٹ‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ‘ ناگرکرنول ‘کھمم کے علاوہ بھدادری کتہ گوڑم ‘ محبوب آباد کے علاوہ ملگو میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ دونوں شہرو ںمیں آج سہ پہر ہونے والی بارش کے دوران بیگم پیٹ‘ ملک پیٹ‘ ملکاجگری‘ مشیر آباد‘ سرورنگر ‘ الوال کے علاوہ دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی لیکن چند منٹ میں ہی بارش کی رفتار ماند پڑگئی ۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہناہے کہ طوفان ’فینگل ‘ کے اثرات کم ہونے تک دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے موسم میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کے امکان نہیں ہے جبکہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں طوفان کے زیادہ اثرات دیکھے جانے کے خدشات کے تحت الرٹ جاری کیا جاچکا ہے۔ آندھراپردیش کے کئی مقامات پر تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی مقامات پر طوفان کے سبب تباہی کا بھی خدشہ ہے ۔ کئی منڈلوں میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں ۔ دو روز سے جاری بارش کے نتیجہ میں باغبانی کے فصلوں کو نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ضلع نیلور میں آدھی رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ 3