طوفان فینگل کے تلنگانہ پر بھی اثرات

   

آئندہ 5 دنوں کے دوران شہر و اضلاع میں بارش کا امکان
حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) جنوبی ہند کی ریاست تمل ناڈو میں ’’فینگل‘‘ طوفان کے اثرات دونوں تلگو ریاستوں پر بھی دیکھے جانے لگے ہیں اور آئندہ 5 یوم کے دوران تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور حیدرآباد میں بارشوں کے امکان کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان ایام کے دوران ریاست کے کئی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گھن گرج کے ساتھ بجلی چمکنے کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ میں کہا گیا ہے کہ طوفان ’فینگل ‘ جو کہ بحرہ عرب میں پیدا ہونے کے بعد آج ہندستانی سرحد سے ٹکرا چکا ہے اور اس کے اثرات ہندستان کی جنوبی ہند کی ریاستوں پر دیکھے جانے لگے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں جمعہ کی شب سے ہی موسم میں خنکی پیدا ہوچکی تھی اور گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری شدید سردی میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی لیکن ہفتہ کی صبح سے ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی لیکن شہر حیدرآباد میں دن بھر مطلع ابر آلود رہا ۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق طوفان کے اثرات کا شکار ہونے والی ریاستو ںمیں تمل ناڈو کے علاوہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ بھی شامل ہوں گے کیونکہ خلیج بنگال پہنچنے تک اس طوفان کے اثرات کا مذکورہ ریاستوں کو سامنا رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں ورنگل ‘ کھمم اور نلگنڈہ کے علاقوں میں تیز ہوائیں اور بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اتواراور پیر کو یعنی آئندہ دو یوم کے دوران کریم نگر ‘ پدا پلی ‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ ملوگو‘ بھدادری‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ‘ محبوب آباد‘ ورنگل ‘ ہنمکنڈہ اور جنگاؤں کے علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ سدی پیٹ ‘ یدادری ‘ رنگاریڈی ‘ حیدرآباد‘ میڑچل ملکا جگری ‘ وقار آباد‘ کاماریڈی ‘ محبوب نگر ‘ ناگر کرنول ‘ ونپرتی ‘ نارائن پیٹ‘ جوگولامبا گدوال ‘ میں بھی آئندہ دو یوم کے دوران بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 5یوم کے لئے تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع کے لئے زرد انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریاست کے جن اضلاع میں بارش ریکارڈ کی جائے گی ان علاقوں میں موسم بھی سرد ہوجائے گا اور درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات نے بھی طوفان ’فینگل ‘ کے دونوں تلگو ریاستوں پر ہونے والے اثرات کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر طوفان کی شدت میں کمی نہیں آتی ہے تو ایسی صورت میں پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے لئے یہ طوفان تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے اور اس طوفان کے نتیجہ میں تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔3