طیارہ رن وے سے پھسل گیا، تمام مسافرین محفوظ

   

ٹوکیو ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی سے آنے والا جاپان ایرلائنز کا ایک طیارہ جمعہ کے روز نارٹیا ایرپورٹ کے رن وے سے پھسل پڑا جو شدید برفباری کی وجہ سے متاثر ہوا تھا جس کے بعد ایرپورٹ کے اہم حصوں کو کچھ دیر کیلئے بند کرنا پڑا۔ دریں اثناء ایرپورٹ اور طیارہ سے تعلق رکھنے والے ترجمانوں نے بتایا کہ طیارہ میں 201 مسافرین اور عملہ سوار تھا تاہم ان تمام کو بحفاظت طیارہ سے نکال لیا گیا اور کسی کے بھی شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے البتہ کچھ مسافرین کو معمولی خراشیں آئی ہیں۔ حادثہ کے بعد نارٹیا ایرپورٹ کے دو رن ویز میں سے ایک رن وے کو ایک گھنٹہ کیلئے بند کردیا گیا۔ اب تک اس حادثہ کی قطعی وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے البتہ پبلک براڈ کاسٹر این ایچ کے مطابق برفباری کی وجہ سے ایرپورٹ کے رن وے پر پھلسن تھی جس سے طیارہ کے پہیہ کا ٹائر پھسل گیا ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے نارٹیا ایرپورٹ کے آس پاس مزید برفباری کی پیش قیاسی کی ہے۔