عادل آباد ۔ 12 ۔جولائی (اردولیکس) حیدرآباد کے راجیو گاندھی ہوائی اڈے پر طیارہ کی لینڈنگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے عادل آباد کے محلہ بکل گوڈہ کے متوطن محمّد مسیح الدین کا انتقال ہوگیا۔مرحوم محمد مسیح الدین روزگار کے سلسلے میں پچھلے تقریبًا 22سالوں سے کویت میں مقیم تھے۔جزیرہ ایئر لائنز کا طیارہ نمبر J9۔403 سے کویت سے حیدرآباد کو سفر کر رہے تھے لینڈنگ سے عین قبل سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔پائلٹ نے حیدرآباد ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولر اور میڈیکل ٹیموں کو الرٹ کیا اور لینڈ کیا۔ہوائی اڈے کے احاطے میں ایک خانگی ہاسپٹل کے طبی عملے نے معائنہ کیا اور محمّد مسیح الدین کی موت کی تصدیق کردی۔ شمس آباد آرجی آئی اے پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں مقام عطاء فرمائے، مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے،انکے درجات بلند فرمائے،اور غمزدہ افراد خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔پسماندہ گان میں بیوہ کے علاوہ 1 لڑکا اور 4 لڑکیاں ہیں۔