ظالم شوہر نے بیوی کا سَر کاٹ کر جھیل میں پھینک دیا

   

امراوتی۔ 11 اگست (پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے شہر وجئے واڑہ میں پیش آئے ایک انتہائی دلخراش واقعہ میں بے رحم شوہر نے اپنی بیوی کا سَر قلم کردیا اور کٹا ہوا سَر لے کر پولیس اسٹیشن پہونچنے کی کوشش کی لیکن راہگیروں کی جانب سے حیرت و برہمی کے اظہار پر اس نے درمیانی راستے میں سَر کو ایک نہر میں پھینک دیا۔ پولیس نے کہا کہ اس شخص کو جس کا نام پردیپ کمار بتایا گیا ہے، گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر خودسپرد ہوگیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ بڈامیرو جھیل میں سَر تلاش کرنے کیلئے مہم شروع کی گئی ہے، تاہم جھیل لبریز ہونے کے سبب تلاشی میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ مہلوک عورت کی شناخت 23 سالہ منی کرانتی کی حیثیت سے کی گئی ہے جنہیں وہ پردیپ کمار کیساتھ کی گئی لو میریج (محبت کی شادی) اختلافات اور مسائل سے دوچار ہوجانے کے بعد طلاق کیلئے مقدمہ لڑ رہی تھی۔ پردیپ کمار کیخلاف گھریلو تشدد کا مقدمہ بھی زیردوران ہے جو اس کی بیوی کی طرف سے دائر کیا گیا تھا جس کی بنیاد پر شوہر گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ ان دونوں نے پانچ سال قبل اپنے ماں باپ کی مرضی کیخلاف بین طبقاتی شادی کی تھی لیکن دونوں کے تعلقات میں اس وقت گڑبڑ پیدا ہوگئی جب بیوی نے شوہر کیخلاف فوجداری مقدمہ دائر کرواتے ہوئے طلاق لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ شوہر گھریلو تشدد کے مقدمہ میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا ہوا تھا۔