عادی مجرمین ٹولی کے چار ارکان گرفتار، 50 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء ضبط ، کیسرا پولیس کی کارروائی

   

حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) کیسرا پولیس نے عادی مجرمین کی ایک بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 50 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا اور 22 مقدمات کو حل کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ دیویندر سنگھ چوہان نے بتایا کہ 35 سالہ راما کرشنا ساکن جواہر نگر متوطن ٹاملناڈو ، 36 سالہ کھاگ گوئند ساکن چنا پورم ، 36 سالہ مہیندر پوار ساکن جیوتی نگر جواہر نگر اور 40 سالہ بچو سنتوش ساکن جواہر نگر کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 680 گرام طلائی زیورات اور 2479 گرام چاندی کی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے قفل شکنی میں استعمال ہونے والے آلات کی کٹ، لیاب ٹاپ ، دو موٹر سیکل اور دو موبائیل فون ضبط کرلئے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ راما کرشنا کشائی گوڑہ کیسرا اور جواہر نگر علاقہ سے یہ خوبی واقف تھا اور اپنی ٹولی کے ہمراہ ان علاقوں میں وارداتیں انجام دیا کرتا تھا ۔ ٹولی کی شکل میں واردات انجام دینے کے بعد یہ عادی سارق گویند کے یہاں ساماں رکھتے تھے اور مسروقہ سامان بچو سنتوش اور مہیندر پوار کو فروخت کرتے تھے ۔ ان کے درمیان تقسیم اور فروخت کا آپسی معاہدہ بھی ہوا تھا ۔ بنڈلہ گوڑہ ناگارم علاقہ میں کیسرا پولیس نے انہیں مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے گرفتار کرلیا اور اس ٹولی کی گرفتاری سے پولیس نے 22 مقدمات کو حل کرلیا۔ع