عارف محمد خان کی کیرالا کے گورنر کی حیثیت سے حلف برداری، سی ایم اور اسپیکر کی شرکت

   

تروننتاپورم۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر عارف محمد خاں نے جمعہ کے دن کیرالا کے گورنر کی حیثیت سے راج بھون میں حلف لیا۔ کیرالا ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رشی کیش رائے نے انہیں حلف دلوایا۔ عارف محمد خان کیرالا کے 22 ویں گورنر ہیں۔ انہوں نے ملیالی زبان میں حلف لیا حالانکہ انہیں اس میں خدا کا نام لینے میں سخت دشواری پیش آئی۔ کیرالا کے چیف سکریٹری ٹوم جوس نے انہیں رسمی طور پر حلف برداری کے لیے مدعو کیا۔ چیف منسٹر پنارائی وجیاین حزب مخالف کے لیڈر رمیش چنیھالا، ریاستی وزراء، اسپیکر پی سری راما کرشنن اور بی جے پی کے واحد ایم ایل اے راجا گوپال نے حلف برداری کی اس تقریب میں شرکت کی۔ عارف محمد حاں کی اہلیہ ریشماں عارف نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ 68 سالہ عارف محمد خاں کو وظیفہ یاب جسٹس پی ستھاسیودم کی جگہ ریاست کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔