وزراء ہریش راؤ ، سرینواس یادو ، صدر نشین محمد سلیم نے چوتھے قافلے کو جھنڈی لہرا کر وداع کیا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے حج کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے روانہ ہونے والے عازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے ریاست کی ترقی و خوش حالی اور امن و امان کی برقراری کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ۔ ہریش راؤ آج سہ پہر ریاستی وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کے ساتھ حج ہاوز نامپلی پہونچکر عازمین سے ملاقات کی ۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے وزراء کا خیر مقدم کیا اور انہیں عازمین حج کے لیے کئے جانے والے انتظامات سے واقف کرایا ۔ وزراء نے حج کیمپ کے بہتر انتظامات کرنے پر صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم اور ان کی ٹیم کی ستائش کی ۔ آج ریاست تلنگانہ کے مزید 377 عازمین حج چوتھے قافلے کے ذریعہ مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوگئے ۔ اسی طرح اب تک ارض مقدس پہونچنے والے عازمین کی تعداد 1508 تک پہونچ گئی ۔ جن میں دو خادم الحجاج بھی شامل ہیں ۔ اس طرح عازمین کے ساتھ جملہ 7 خادم الحجاج کی روانگی عمل میں آئی ۔ مولانا قبول پاشاہ قادری شطاری ، صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم ، ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے پہلی بس کو جھنڈی دکھا کر وداع کیا ۔ اس موقع پر ارکان حج کمیٹی سید نظام الدین ، محمد جعفر خان ، سید غلام احمد حسین ، سید عرفان الحق ، نصیر الدین ، محترمہ عاصمہ سلطانہ اور دوسرے موجود تھے ۔ مولانا سید قبول پاشاہ قادری شطاری نے دعا کی اور عازمین کو مفید مشورے دئیے ۔ صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عازمین اپنا پورا وقت عبادت میں گذاریں ۔ آپ خوش نصیب ہے لاکھوں لوگوں میں آپ کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ صدر نشین ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد امتیاز اسحق نے عازمین کو مبارکباد دی ۔ ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے عازمین کو سفر حج میں احتیاط کرنے اور صحت پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف نے کارروائی چلائی اور عازمین کو سفری انتظامات کے تعلق سے مشورے دئیے ۔ کارروائی کا آغاز قاری سید نور محمد شاہ قادری کی قرات و نعت سے ہوا ۔ مولانا مفتی ابرار احمد نے حج کے فضائل و برکات بیان کئے ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے قائد عبدالمقیت چندا بھی موجود تھے ۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین بسوں کے ذریعہ ایرپورٹ روانہ ہوئے ۔ آج کے قافلے میں حیدرآباد کے 205 ، محبوب نگر کے 67 ، سنگاریڈی کے 96 ، وقار آباد کے 7 اور رنگاریڈی کے دو عازمین شامل ہیں ۔۔ ن