عازمین حج کو پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے 25 اگست تک سہولت

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے منتخب عازمین کیلئے حج مصارف کی پہلی قسط ادا کرنے کی مہلت میں 25 اگست تک توسیع کی ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا سی شاہنواز آئی اے ایس نے تاریخ میں توسیع سے متعلق سرکولر جاری کیا ۔ ابتداء میں منتخب عازمین کو حج مصارف کی پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے 13 اگست تک کی مہلت دی گئی تھی۔ ریاستی حج کمیٹیوں اور عازمین حج کی نمائندگی پر 25 اگست تک توسیع کی گئی ۔ منتخب عازمین کو مجموعی طور پر 152300 روپئے بطور پہلی قسط حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرنا ہوگا۔ 150000 کی رقم بطور اڈوانس رہے گی جبکہ 2000 ہزار روپئے انتظامی مصارف کے ہوں گے اور 300 روپئے ناقابل واپسی پروسیسنگ فیس رہے گی۔ منتخب عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ مقررہ مدت میں پہلی قسط کی رقم جمع کردیں۔ رقم کی ادائیگی کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر سہولت موجود ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں یہ رقم حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کی جاسکتی ہے ۔ رقم کی ادائیگی کے بعد عازمین حج کو 30 اگست تک پے سلپ ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکٹ اور حج درخواست فارم کی کاپی ریاستی حج کمیٹی میں جمع کرانی ہوگی۔1