عازمین سے 10 ہزار اضافی رقم کی وصولی پر چیف منسٹر سے مشاورت کا فیصلہ

   

مرکز کو مکتوب روانہ کرنے پر غور ، صدر نشین حج کمیٹی کی میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد۔2۔مئی(سیاست نیوز)حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لئے حج کمیٹی کے توسط روانہ ہونے والے عازمین حج 24 گھنٹے قبل اپنے سفری دستاویزات اور حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ فراہم کی جانے والی ’حج کٹ‘ حج ہاؤز سے حاصل کرتے ہوئے 6گھنٹے قبل حالت احرام میں راست ائیر پورٹ پہنچ سکتے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کی گئی بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ اضلاع کے جو عازمین شہر حیدرآباد میں حج ہاؤز میں قیام کرنے کے خواہشمند ہیں ان کے لئے حج ہاؤز میں خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جاچکا ہے اور ممکنہ حد تک انہیں سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ عازمین حج کو احرام باندھنے اور انہیں نیت کروانے کے لئے حج ہاؤز میں خصوصی انتظام کیا گیا ہے جو کہ مختلف مذہبی رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے خدمات انجام دی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی کے ذریعہ جاریہ سال انہیں کوئی امداد حاصل نہیں ہوئی اور سال گذشتہ ریاستی حکومت کے بجٹ کے حصول میں ہونے والی مشکلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ حج کمیٹی کے بجٹ کو ’گرین چیانل ‘ کے ذریعہ جاری کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے حج ہاؤز سے قافلوں کی روانگی کے سلسلہ میں بتایا کہ عازمین حج جو حج ہاؤز کے روح پرور مناظر اور تلبیہ کی گونج میں روانہ ہونا چاہتے ہیں وہ حج ہاؤز سے روانہ ہوسکتے ہیں جبکہ جو عازمین اپنے افراد خاندان کے ہمراہ راست ائیر پورٹ پہنچنا چاہتے ہیں وہ بھی اپنی خانگی گاڑیوں میں 6گھنٹے قبل ائیر پورٹ پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں نئے قوانین و رہنمایانہ خطوط کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے عازمین حج کو پکوان گیاس فراہم نہ کرنے اور پکوان کی سہولت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اسی لئے عازمین حج کو کسی بھی طرح کے چولہے یا راشن ‘ اجناس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ انہیں بہر صورت دوران حج کھانا خرید کرہی کھانا ہے اور دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عازمین حج کو کسی بھی طرح کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جار ہے ہیں اور 10 ہزارروپئے اضافی وصولی کے سلسلہ میں جو اعلامیہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے موصول ہوا ہے اس تعلق سے چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی سے بات چیت کے بعد مکتوب روانہ کرنے کا جائزہ لیا جا رہاہے۔ مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ حیدرآباد ایمبارکیشن پوائنٹ سے 17 ریاستوں کے عازمین حج روانہ ہونے والے ہیں ۔ A/b/3