عاشق کی بیوی کا قتل، تحقیقات میں انکشاف شوہر کے ہمراہ واردات انجام دینے والی خاتون گرفتار

   

حیدرآباد 13 اگسٹ (سیاست نیوز) عاشق کی شادی سے پریشان خاتون نے شوہر کے ہمراہ عاشق کی بیوی کا قتل کردیا۔ یہ سنسنی خیز انکشاف پولیس تحقیقات کے دوران منظر عام پر آیا۔ جہاں پولیس جیڈی میٹلہ پوجا قتل کیس کی تحقیقات کررہی تھی۔ گزشتہ روز پوجا کا اس کے مکان میں قتل کردیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے شوہر بیوی سنجیت یادو اور رینکو یادو کو گرفتار کرلیا۔ پوجا راجیش کی بیوی تھی۔ اپریل 2021 میں ان کی شادی ہوئی تھی۔ شادی سے قبل راجیش رینکو اور سنجیت یادو کے ہمراہ شیرینگ روم میں رہتا تھا۔ سنجیت کی غیر موجودگی میں راجیش رینکو یادو کے ساتھ وقت گزارتا تھا۔ دونوں میں ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے۔ راجیش، رینکو اور سنجیت کے تمام اخراجات کو برداشت کرتا تھا۔ اپریل میں شادی کے بعد اس نے اپنی توجہ رینکو سے ہٹالی اور بیوی پر مرکوز کرلی اور اخراجات سے بھی منہ موڑ لیا تھا۔ اس بات سے میاں بیوی سخت پریشان تھے۔ راجیش نے دھن باد جھارکھنڈ کی لڑکی پوجا سے شادی کی اور قاتل شوہر بیوی کے ہمراہ رہنے لگا۔ گزشتہ چند روز سے وہ علیحدہ مکان کی تلاش میں تھا۔ پوجا اور راکیش کی محبت رینکو سے برداشت نہیں ہوئی اور اس نے پوجا کو راستے سے ہٹانے کے لئے شوہر کو اپنے ساتھ ملا لیا۔ 10 اگسٹ کے دن راجیش کے کام پر جانے کے بعد میاں بیوی نے پوجا کا قتل کردیا اور زیورات لوٹ لئے۔ جب راجیش مکان پہونچا تو غلط کہانی بیان کی اور بتایا کہ راکیش نامی کوئی نوجوان جو پوجا کا عاشق تھا، گھر آیا تھا اور پوجا کو ساتھ چلنے کے لئے ضد کررہا تھا۔ پوجا کے انکار پر اس نے اس کا قتل کردیا اور فرار اختیار کرلی۔ پولیس جیڈی میٹلہ نے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ اور پڑوسیوں سے پوچھ تاچھ کے بعد میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔