عافیہ صدیقی رہائی کیلئے امریکہ میں اپیل دائر کرنے آمادہ : قریشی

   

اسلام آباد ۔8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ امریکہ میں قونصل جنرل سے ملاقات کے بعد وہاں قید پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنی رہائی کے لیے اپیل دائر کرنے پر آمادہ ہوگئی ہیں۔ایوان بالا (سینیٹ) میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے جمع کروائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان واپس لانے کا معاملہ امریکی حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہوسٹن میں قونصل جنرل نے 18 اپریل 2019ء کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے آخری ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں عافیہ صدیقی نے رہائی کے لیے اپیل دائر کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔تحریری جواب میں بتایا گیا کہ امریکی عدالتی نظام کے مطابق اپیل دائر کرنے کا فیصلہ صرف عافیہ صدیقی ہی کرسکتی ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی شہری عافیہ صدیقی کی کہانی ‘دہشت گردی کے خلاف جنگ’ سے جڑی کہانیوں میں سب سے اہم ہے، جو مارچ 2003ء میں اْس وقت شروع ہوئی جب القاعدہ کے نمبر تین اور 9/11 حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کو کراچی سے گرفتار کیا گیا۔خالد شیخ محمد کی گرفتاری کے بعد مبینہ طور پر 2003 ء میں ہی عافیہ صدیقی اپنے تین بچوں کے ہمراہ کراچی سے لاپتہ ہوگئیں۔