عالمی سرمایہ کاروں سے مرکزی وزیر فینانس کا خطاب

   

معاشی اصلاحات پر کاروباری نقطہ نظر سے جائزہ ضروری ، ارون جیٹلی کا ادعا
نیویارک ؍ نئی دہلی۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جو امریکہ کے دورہ پر ہیں، عالمی بینک کے اجلاس میں شرکت کی اور نیویارک کے سرمایہ کاروں سے ’’معاشی اصلاحات، تجارتی نقطہ نظر سے ‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے اصلاحات سے متعلق مسائل کی وضاحت کی۔ سرمایہ کاروں کی گول میز کانفرنس کے موضوعات میں ہندوستان کے اصلاحات اور تجارتی نکتہ نظر سرفہرست تھا۔ جیٹلی کی تقریر کا اہتمام امریکہ۔ ہند تجارتی کونسل کی جانب سے کیا گیا تھا۔ امریکہ کا اسٹاک ایکسچینج نسدق اس کا معاون تھا۔ معتمد معاشی امور سبھاش چندر گرگ بھی گول میز کانفرنس میں شریک تھے۔ مرکزی وزیر فینانس واشنگٹن کا دورہ بھی کریں گے اور موسم بہار کے عالمی بینک کے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اجلاس میں 12 تا 14 اپریل شرکت کریں گے۔ دیگر افراد کے علاوہ گورنر آر بی آئی شکتی کانتا بھی عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اجلاسوں میں ان کے ہمراہ رہیں گے۔ مرکزی وزیر امکان ہے کہ 15اپریل کو وطن واپس آجائیں گے۔ ارون جیٹلی کا یہ پہلا سرکاری غیرملکی دورہ ہے۔ قبل ازیں وہ مئی 2018ء میں پیوندکاری کا آپریشن کروانے بیرون ملک گئے تھے۔ وہ جنوری میں جاریہ سال امریکہ میں زیرعلاج تھے۔