عالمی سطح کے عازمین حج کی تفصیلات اکٹھا

   

حج و عمرہ فراہمی کمپنی کا تعلق بی جے پی سے ، تفصیلات فروخت
حیدرآباد۔17۔جون(سیاست نیوز) دنیا کے مختلف ممالک سے حج بیت اللہ کے لئے پہنچنے والے عازمین حج کی تمام تر تفصیلات بھارتیہ جنتا پارٹی حاصل کر رہی ہے یا محض حج بیت اللہ سے ہونے والی آمدنی میں اپنا حصہ لے رہی ہے! آسٹریلیاء ‘ یورپ ‘ امریکہ اور دیگر مقامات سے حج بیت اللہ کے لئے پہنچنے والے عازمین حج کو مختلف خدمات اور ویزاکے حصول کے لئے جس کمپنی سے رابطہ کرنا ہے وہ کمپنی بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے شخص کی ہے۔ سعودی عرب نے امریکہ ‘ آسٹریلیاء‘ یورپ کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے عازمین کو حج و عمرہ خدمات کی فراہمی کیلئے جس کمپنی کے توسط سے ویزوں کی اجرائی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے اس کمپنی کا نام عمرہ می ہے جو کہ Accelکمپنی ذیلی وینچر ہے ‘اس کمپنی نے اپنے ہندستانی سرمایہ کار ہالیڈے می اور عمرہ می کے ذریعہ حکومت سعودی عرب کی اس ذمہ داری کو حاصل کیا ہے۔ چیف منسٹر بسواراج بومئی کے سیاسی صلاح کار و حکمت عملی تیار کرنے والے پرشانت پرکاش Accel کمپنی کے نائب صدرنشین ہیں جو کہ سال 2020تک نیشنل اسٹارٹ اپ اڈوائزری کونسل میں خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور سال 2021 سے ریاستی حکومت کرناٹک کے صلاح کار رہے ہیں۔Accelکمپنی جس گروپ کا حصہ ہے اس میں سرمایہ کاری کرنے والے 5 شراکت داروں نے سال 2018میں Traveazyنامی کمپنی میں 16 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جو کہ ہندستانی شہریوں کی جانب سے قائم کی گئی ہے۔ اس کمپنی کا قیام ہندستانی شہریوں گیت بھلا اور ڈگ وجئے پرتاپ نے عمل میں لایا ہے۔ فوربس کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق عمرہ می کمپنی دنیا کی ان تین کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہیں جو کہ دنیا بھر کے ٹراویل ایجنٹس کو عمرہ سے متعلق خدمات فراہم کرنے کی مجاز ہیں اور سعودی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات کے مطابق ان تین کمپنیوں کے علاوہ کسی بھی دوسری کمپنی کو حکومت سعودی عرب نے دنیا بھر کے معتمرین و عازمین حج کی خدمات کی فراہمی اور امور کی تکمیل کا مجاز قرار نہیں دیا ہے اسی لئے ان تین کمپنیوں بشمول عمرہ می کے علاوہ مابقی تمام کمپنیاں جو عمرہ خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں ادعا جات کر رہی ہیں انہیں غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔Accel انڈیا کے معاون بانی پرشانت پرکاش نے 2008 میں Accelنام سے کمپنی کا آغاز کیا تھا اور 2016اور 2018 کے دوران ہالیڈے می اور عمرہ می کمپنیوں میں سرمایہ کی ہے ۔ سال 2020میں پرشانت پرکاش نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسی بالخصوص اسٹارٹ اپ کے متعلق منصوبوں کی ستائش کی اور وہ اس مدت کے دوران نیشنل اسٹارٹ اپ اڈوائزری کونسل کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہے 2021میں وہ چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومئی کے سیاسی صلاح کار اور حکمت عملی تیار کرنے والی ٹیم کے نگران رہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی سے قربت رکھنے والے شخص اور اس کی کمپنی کو عازمین حج کی خدمات کی فراہمی کے انتظامات تفویض کئے جانے کے سلسلہ میں ہونے والے اس انکشاف کے بعد ہندستان میں مختلف گوشوں کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی عازمین حج کی تمام تفصیلات تک رسائی حاصل کر رہی ہے اور موجودہ دور میں ڈاٹا کی اہمیت کو نظر میں رکھتے ہوئے اس عمل کے متعلق تشویش کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔ م