عالمی منڈی میں پیاز کی قیمتیں آسمان پر

   

ریاض: ( کے این واصف) ہندوستان مین آئے دن پیاز کی سپلائی میں کمی اور قیمتوں کا آسمان چھونا ایک عام بات ہوگئی ہے۔ مگر اب ہم اس صورتحال کا سامنا سعودی عرب میں بھی کر رہے ہیں۔ تازہ اطلاع کے مطابق عالمی منڈی سمیت سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں پیاز کا بحران ہے جہاں قیمت میں کم و بیش 65 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق عالمی منڈی میں پیاز کی سپلائی اور طلب میں فرق سے قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔پیاز کے بحران کی بنیادی وجہ پیدواری ملکوں کی طرف سے برا?مدات میں کمی کا فیصلہ ہے۔عالمی منڈی میں پیاز پیدا کرنے والے ممالک میں ہندوستان اور مصر سر فہرست ہیں جنہوں نے برآمدات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔علاوہ ازیں دیگر پیداواری ملکوں میں پیاز کی پیدوار بھی کم ہوگئی ہے۔بحیرہ احمر میں جاری بحران کی وجہ سے چین سے خلیج اور یورپ میں سپلائی متاثر ہوگئی ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ چین میں پیاز کی قیمت میں 30 فیصد جبکہ بنگلہ دیش میں 25 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ یہی کیفیت جرمنی میں ہے جہاں درآمدات نہ ہونے کے باعث مقامی پیاز کی قیمت بڑھگئی ہے جبکہ اٹلی میں پیاز انتہائی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ 2024 کے وسط تک پیاز کی قیمت میں اضافہ رہے گا جبکہ خود پیداواری ملکوں میں بھی پیاز کا بحران دیکھا جائے گا۔