عامر علی خان سے قوم و ملت کی امیدیں وابستہ

   

شہر اور اضلاع کے مسلمانوں میں جوش و خروش۔ کانگریس قائد شیخ عبدالرشید احمد
کھمم ۔/27 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس کے سینئر قائد شیخ عبدالرشید احمد نے روز نامہ سیاست کے نیوز ایڈیٹر عامر علی خان کو گورنر کوٹہ میں ایم ایل سی نامزد کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ روز نامہ سیاست کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اردو کی ترقی کے ساتھ مسلمانوں کے مسائل کو حل کرانے میں اخبار سیاست ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ بی آر ایس پارٹی نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا دھوکہ دیا جس کے خلاف عامر علی خان نے دیہی سطح سے ریاستی سطح تک تحریک چلاتے ہوئے حکومت پر دباؤ بنایا اس کے علاوہ روز نامہ سیاست نے مسلم طلبہ کیلئے مسابقتی امتحانات کی تیاری کیلئے تربیتی کلاسیس ، ملازمتوں کے حصول کیلئے کوچنگ کلاسیس کا پابندی سے اہتمام کیا جاتا ہے۔ مسلم لاوارث نعشوں کی تدفین کی ذمہ داری روزنامہ سیاست نے قبول کی ہے۔ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں سیاست نے اہم رول ادا کیا جس سے انتخابات میں کانگریس کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔ کانگریس کی قومی قیادت نے روز نامہ سیاست کی خدمات کے پیش نظر گورنر کوٹہ میں عامر علی خان کو ایم ایل سی بنایا ہے جس پر وہ کانگریس کے قائد راہول گاندھی، اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے ، چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارک سے اظہار تشکر کرتے ہیں جنہوں نے عامر علی خان کو ایم ایل سی بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ وہ امید کرتے ہیں کہ عامر علی خان کو جو ذمہ داری سونپی جارہی ہے وہ اس کو بخوبی نبھاتے ہوئے قوم و ملت کی ترقی اور بہبود کیلئے کام کریں گے۔