عام بیماری سے فوت ضعیف خاتون کا کسی نے آخری دیدار تک نہیں کیا

   

کورونا سے متاثر پوترے نے پی پی ای کٹ پہن کر تنہا کار میں دادی کی نعش شمشان گھاٹ منتقل کی
حیدرآباد :۔ ناسازی صحت سے فوت ہونے والی ضعیف خاتون کی آخری رسومات کے لیے کوئی آگے نہ آنے پر کورونا سے متاثر ہونے والے پوترے نے پی پی ای کٹ پہن کر اپنی کار میں تنہا دادی کی نعش کو شمشان گھاٹ لیجاتے ہوئے آخری رسومات انجام دی ۔ انسانیت کو شرمسار کرنے والا یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ میں واقع موضع منوگالہ میں پیش آیا ۔ روزنامہ سیاست نے کورونا بحران کے دوران خونی رشتوں کے فاصلے اور انسانیت دم توڑنے والے کئی واقعات کو قارئین کے سامنے پیش کیا ہے ۔ کورونا بحران جتنا شدت اختیار کررہا ہے ۔ ایسے کئی واقعات کہیں نہ کہیں منظر عام پر آرہے ہیں ۔ یہاں تک کے عام بیماریوں سے فوت ہونے والوں کا آخری دیدار کرنے سے بھی لوگ کترا رہے ہیں ۔ ایسے واقعات پر لوگ افسوس تو کررہے ہیں مگر مدد کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں ہے ۔ پڑوسی ، دوست احباب تو دور رشتہ دار آخری دیدار کرنا بھی مناسب نہیں سمجھ رہے ہیں ۔ ضلع سوریہ پیٹ کی بھی یہ بھی ایسی ہی ایک غمگین داستان ہے ۔ موضع منوگولہ کی اس ضعیف خاتون کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے ۔ اتفاق سے تینوں بیٹوں کا انتقال ہوگیا ہے ۔ یہ ضعیف خاتون دوسرے بیٹے کے پوترے کے گھر میں رہ رہی ہے اور ناسازی صحت کے باعث اس ضعیف خاتون کی نعش کا دیدار کرنے کے لیے کوئی نہیں پہونچے ۔ رشتہ داروں کو اطلاع ملنے کے باوجود وہ بھی نہیں آئے ۔ گاؤں کے چند لوگوں نے آئسولیشن میں موجود اس کے پوترے کو اطلاع دی ، کورونا سے متاثر پوترے نے گاؤں والوں کو دادی کے آخری رسومات کی تیاری کرنے کی ہدایت دی ۔ شام 7 بجے کورونا سے متاثر پوترے نے پی پی ای کٹ پہن کر کار میں گھر پہونچا اور اسی کار میں تنہا دادی کی نعش کو شمشان گھاٹ لیجاتے ہوئے آخری رسومات انجام دی ۔۔