عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے ڈاکٹر س ویکسین لینے کے بعد متاثر

,

   

تھکن، اعضاء شکنی اور معمولی بخار کی شکایت

حیدرآباد۔ شہر کے سرکاری دواخانہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کو آج کورونا ویکسین دیا گیا جس کے بعد ڈاکٹرس کی طبیعت بگڑ گئی اور انہوں نے مختلف قسم کی تکالیف کی شکایت کی ہے۔ ایک ڈاکٹر نے آج سیاست ڈاٹ کام کو بتایا کہ ویکسین لینے کے بعد اس کے جسم میںدرد ہوگیا اور ہلکا بخار بھی آگیا تھا۔ ڈاکٹر کو منگل کو ویکسین دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ دیگر کئی ڈاکٹرس نے بھی یہی شکایت کی ہے۔ تاہم جسمانی حرارت معمول کے مطابق تھی۔ ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہر ویکسین کے معمولی سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں لیکن کورونا ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹس زیادہ افراد نے محسوس کیا ہے۔ ڈاکٹر نے کہا کہ ایسے سائیڈ ایفیکٹس کی توقع کی جارہی تھی اور ویکسین کے بعد انہوں نے تقریباً 10 افراد سے بات کی جنہوں نے ایسی ہی علامتوں کی شکایت کی ہے۔ سائیڈ ایفیکٹس سے متعلق شکایات ایک ایسے وقت سامنے آئی ہیں جبکہ نرمل ضلع میں کوویڈ ویکسین لینے کے بعد ایک ہیلت کیئر ورکر کی موت واقع ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت نے کہا کہ موت کا ویکسین سے تعلق نہیں ہے۔ تلنگانہ میں 16 جنوری سے ویکسین کا آغاز کیا گیا اور پہلے مرحلہ میں ہیلت کیر ورکرس کو ویکسین دیا جارہا ہے۔