حیدرآباد26جولائی(یواین آئی) بارش کی وجہ سے حسین ساگرکی آبی سطح میں اضافہ درج کیاگیا۔ حسین ساگر میں پانی کی مکمل سطح 513.41 میٹر ہے اور موجودہ طورپر اس جھیل کی سطح آب 513.40 میٹر درج کی گئی ہے ۔ دوسری جانب شہر حیدرآباد کے اہم ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں بھی پانی کا بہاو درج کیاجارہا ہے ۔ عثمان ساگر میں 1200 کیوسک پانی کا بہاو درج کیاگیا۔اس کی موجودہ سطح 1778 فٹ ہے جبکہ حمایت ساگر ریزروائر میں 325 کیوسک پانی کا بہاو درج کیاگیا جس کے بعد موسی ندی میں 330 کیوسک پانی چھوڑا گیا۔ وقارآباد اور شنکر پلی کے بالائی آبگیر علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے عثمان ساگر میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد حکام نے درواز وں کوتین فٹ اٹھا کر موسی ندی میں پانی کو چھوڑا۔ حکام نے آبگیر علاقوں کے عوام کو الرٹ کردیا ہے کیونکہ موسیٰ ندی بھی تیزی سے بہہ رہی ہے ۔عثمان ساگر کی مکمل سطح 1790 فٹ کے برخلاف موجودہ طورپراس کی آبی سطح 1787 فٹ درج کی گئی ہے ۔ حکام نے نارسنگی بلدیہ کے منچیروولا گاؤں کے عوام کو چوکس کردیا ہے ۔