عراق میں امریکی قیادت والے اتحادی مشن کے خاتمہ کا مطالبہ

   

بغداد : عراقی حکومت ملک میں امریکی قیادت کے بین الاقوامی اتحاد کو ختم کرنے کی تیاری کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے رہی ہے۔یہ بات عراق کیوزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی کے دفتر نے جمعہ کو ایک بیان میں کہی۔ وزیر اعظم سوڈانی کایہ بیان بغداد میں امریکی حملہ میں ہلاک ہونے والے ایک ملیشیا لیڈر کی ہلاکت کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس نے ایران سے منسلک گروپوں میں برہمی کو جنم دیا اورانہوں نے حکومت سے عراق میں اتحاد کی موجودگی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت عراق میں بین الاقوامی اتحادی فورسز کی موجودگی کو مستقل طور پر ختم کرنے کے بندوبست کے لیے ایک دو طرفہ کمیٹی کی تشکیل کے لیے کوئی تاریخ مقرر کررہی ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کہا کہ کمیٹی میں فوجی اتحاد کے نمائندے شامل ہوں گے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع نے کہا کہ امریکی فوج نے جمعرات کو یہ حملہ ا مریکی عملے پر حالیہ حملوں کے جواب میں کیا تھا۔ امریکہ نے شام اور عراق میں داعش کی شورش کو دوبارہ سر اٹھانے سے روکنے کے لیے مقامی فورسز کی معاونت اور مشاورت کے ایک مشن کے تحت شام میں 900 اور عراق میں 2500 فوجی تعینات کیے ہوئے ہیں۔ داعش نے 2014 میں دونوں ملکوں میں اپنی شکست سے قبل وہاں بڑیعلاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ عراق اور شام میں موجود ایران سے منسلک ملیشیا گروپ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی مہم کے خلاف ہیں اوروہ امریکہ کو جزوی طور پر اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔