عراق میں آسٹریلیائی جوانوں کی مہم جاری رہیگی

   

کینبرا 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے عراق میں امریکی اور اتحادی افواج پر ہوئے ایران کے میزائل حملوں کے باوجود کہا ہے کہ بغداد میں موجود اس کے جوان اپنی مہموں کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔ وزیر اعظم سکاٹ مرریسن نے جمعرات کو یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں موجود آسٹریلوی جوانوں کی مہم جاری رہے گی ۔ گزشتہ جمعہ کو عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ایرانی فوج کے اعلی کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے انتقام میں منگل کی شب ایران کی فوج نے عراق میں واقع امریکہ اور اتحادی افواج جس میں آسٹریلیا بھی شامل ہے ، کے دو فوجی اڈوں پر کئی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ۔ ان حملوں میں کوئی امریکی یا عراقی شہری ہلاک نہیں ہوا ۔ ان حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مزید اقتصادی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ۔ مسٹر موریسن نے کہا‘‘ہمارا مقصد ایک متحد اور مستحکم عراق رہا ہے اور ہماری کوششوں کی فوقیت دہشت گرد تنظیم داعش سے منسلک ملک اور اس کے حامی نیٹ ورک کے خلاف ہے ۔ ہم اس اہم کام کو انجام دینے کے لئے پر عزم ہیں’’۔وزیر اعظم نے امریکہ اور ایران سے کشیدگی کو کم کرنے اور تحمل برتنے کی بھی اپیل کی ۔ واضح ر ہے کہ عراق میں تعینات اتحادی افواج میں اسٹریلیا کے 300 جوان شامل ہیں جبکہ امریکہ کے 5200 جوان وہاں تعینات ہیں ۔