عراق پارلیمانی انتخابات: مقتدی الصدر کی جماعت نے سب سے زیادہ نشستیں جیت لیں

   

بغداد : عراقی پارلیمانی انتخابات میں مذہبی رہنما مقتدا الصدر کی سیاسی جماعت نے سب سے زیادہ نشستیں جیت لی ہیں۔ غیرحتمی نتائج کے مطابق329 نشستوں والے پارلیمان میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے الصدر کی جماعت کو اب تک 70 نشستیں مل چکی ہیں۔الصدر کی پارٹی کا کہنا ہے کہ اس نے اب تک 73 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے، جس کے بعد وہ حکومت سازی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ گزشتہ پارلیمان میں ان کی جماعت کو 54 سیٹیں حاصل تھیں۔میڈیا کے مطابق بظاہر سابق وزیر اعظم نوری المالکی کے شیعہ اتحادنشستیں جیتنے کے اعتبار سے دوسری بڑی جماعت ہوگی۔ اس ضمن میں مزید تفصیل کا انتظار ہے۔عراق میں ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح 41 فیصد رہی، جو کہ ماہرین کے مطابق، ملک کی قیادت اور پارلیمان میں عوامی اعتماد کے فقدان کو ظاہر کرتی ہے۔