عراق کے شہر اربیل کے قریب تین ڈرون حملے

   

بغداد : عراق کے شمالی شہراربیل کے نزدیک بارود سے لدے تین ڈرونز سے حملہ کیا گیا ہے۔اس شہر میں واقع امریکہ کے قونصل خانہ نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔عراق کے خودمختارعلاقے شمالی کردستان کے انسداد دہشت گردی یونٹ نے بتایا ہے کہ دو ڈرون ایک مکان پر گرے ہیں،ان کے دھماکوں سے پھٹنے سے مکان کو نقصان پہنچا ہے لیکن تیسرے ڈرون میں رکھا بارود پھٹ نہیں سکا ہے۔اربیل میں واقع امریکہ کے قونصل خانے نے ایک ٹویٹ میں اس ڈرون حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ عراق کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔عراق میں امریکہ کی تنصیبات اور اس کے فوجیوں کے زیراستعمال ہوائی اڈوں پر حالیہ مہینوں کے دوران میں راکٹوں اور میزائلوں سے متعدد حملے کیے جاچکے ہیں لیکن اب بغیرپائیلٹ طیاروں سے بھی حملے شروع کردیے گئے ہیں۔عراق میں اس سال کے آغاز سے امریکہ کی تنصیبات پر 45 حملے کیے جاچکے ہیں۔عراق میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف جنگ آزما بین الاقوامی اتحاد کے حصے کے طورپرڈھائی ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔ان فوجیوں اور ان کے لیے امدادی سامان لے جانے والے قافلوں کو بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے یا ان پر راکٹوں اور میزائلوں سے حملے کیے گئے ہیں۔