حیدرآباد 6 ؍ نومبر (پریس نوٹ) ۔ جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے زیراہتمام عرس شریف شیخ الاسلام عارف باللہ امام محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیز بانی جامعہ نظامیہ کے موقع پر تین روزہ تقاریب منعقد ہوں گی ۔ اتوار یکم ڈسمبر 2024 ء کو 10 بجے دن علمی سمینار بعنوان ’’ تحفظ ناموس رسالت ‘‘ زیر نگرانی مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ ؍ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ منعقد ہوگا ۔ پیر 2 ڈسمبر کو 4 بجے دن قران خوانی و چادر گل برمزار شیخ الاسلام عارف باللہ امام محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیز بانی جامعہ نظامیہ پیش کی جائے گی ۔ بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم اسناد ، عطائے خلعت و دستار بندی فاضلین و حفاظ کی صدارت و خیر مقدمی خطاب مولانا مفتی خلیل احمد کریں گے ۔ بزبان اردو ، عربی اور انگریزی طلبہ جامعہ کی تقاریر ہوںگی ۔ تذکرہ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ مولانا ڈاکٹر سید احمد غوری نقشبندی نائب شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ بیان کریں گے ۔ تعلیمی رپورٹ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ پیش کریں گے ۔ مالیہ رپورٹ مولوی احمد محی الدین خان معتمد جامعہ پیش کریں گے ۔ فاضلین و حفاظ جامعہ کی خلعت و دستار بندی بدست شیوخ جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گی ۔ تقسیم اسناد بدست مولانا مفتی خلیل احمد ہوگی ۔ تقسیم انعامات بدست مولانا ڈاکٹر محمد عبدالمجید معزز رکن جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گی۔ جامعہ نظامیہ کے امتیازی کامیاب طلبہ کو گولڈ میڈل دئے جائیں گے۔ منگل 3 ڈسمبر کو بعد نماز عشاء طلبہ جامعہ کے زیر اہتمام نعتیہ و منقبتی مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں مدعوشعراء کرام اپنا کلام پیش کریں گے۔ قبل ازیں یکم ؍ دسمبر کے علمی سمینار میں مولانا ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری ، مولانا ڈاکٹر مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی ، مولانا حافظ سید صغیر احمد ، مولانا حافظ محمد لطیف احمد قادری اور مولانا ڈاکٹر حافظ محمد شبیر احمد اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔۔