عرفان خان نے آخری دنوں میں بیٹے سے کیوں معافی مانگی

   

ممبئی : میڈیا رپورٹس کے مطابق بابیل خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اُنہوں نے اپنے والد عرفان خان کے آخری دنوں میں ان کے بچپن میں اسکول کے ڈراموں میں شرکت نہ کرنے پر سوال کیا تھا۔بابیل خان نے کہا کہ اُن کے والد کے انتقال سے پہلے یہ ان کی آخری بات چیت میں سے ایک تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ ’میرے والد کی زندگی کے آخری دن تھے، میں اُن کے پاس گیا اور اُن سے سوال کیا کہ آپ میرے اسکول کے ڈراموں میں شرکت کیوں نہیں کرتے تھے؟‘بابیل خان نے کہا کہ ’میرے سوال پر والد نے مجھ سے پوچھا کہ آپ ابھی تک اس پر پھنسے ہوئے ہیں؟‘اُنہوں نے کہا کہ ’اُس کے بعد والد نے آنکھوں میں آنسو لیے مجھ سے معذرت کی اور کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں آپ کے اسکول کے ڈراموں میں شرکت نہیں کرسکا۔‘واضح رہے کہ عرفان خان کا انتقال اپریل 2020 میں کولون انفیکشن سے جنگ کے بعد ہوا۔عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، لنچ باکس، پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا، ہندی میڈیم میں انہوں نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔عرفان خان نے اپنے فلمی کیریئر میں بالی ووڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں پیکو، مقبول، حاصل اور پن سنگ تومر جیسی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔