عرفان پٹھان اور ہربھجن لیجنڈز لیگ میں شامل

   


نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار ہربھجن سنگھ اور عرفان پٹھان آئندہ لیجنڈز لیگ کرکٹ میں بالترتیب منی پال ٹائیگرز اور بھیلواڑہ کنگز کی قیادت کریں گے۔ لیگ کا آغاز 16 ستمبر کوکولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے ہندوستان کے لیے 103 ٹسٹ میچوں میں417 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 236 ونڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ بھی کھیل چکے ہیں۔ہربھجن نے کہا دنیا بھر کے ٹاپ کرکٹرزکے ساتھ کئی سالوں تک کھیلتے ہوئے، میں نے اس کھیل کی باریکیوں کو سمجھا جس کی وجہ سے مجھے ایک بہتر کرکٹر بننے میں مدد ملی۔ بحیثیت کرکٹر مجھے ٹیم کی کپتانی کا موقع نہیں ملا لیکن میں یہاں کپتانی کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔بولنگ آل راؤنڈر عرفان 2007 میں پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں مین آف دی میچ رہے۔ پٹھان نے کہا یہ ایک شاندار موقع ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔آئندہ ٹورنمنٹ میں چار ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں 16 میچ کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان پہلی مرتبہ اس کی میزبانی کرے گا اور اس کے میچ چھ شہروں میں کھیلے جائیں گے۔