علاج کے نام پر نئی نویلی دلہن کی عصمت ریزی، پولیس کو خود ساختہ ڈھونگی بابا کی تلاش

   

حیدرآباد : /30 اگست (سیاست نیوز) علاج کے نام پر نئی نویلی دلہن کی مبینہ عصمت ریزی کرنے والے ایک ڈھونگی بابا کو پولیس تلاش کررہی ہے ۔ تاہم پولیس پر کارروائی میں ٹال مٹول اور تاخیر کے الزامات پائے جاتے ہیں ۔ شہر میں سنسنی کا سبب بننے والے اس واقعہ نے عاملوں اور جادوگروں کی سرگرمیوں کو آشکار کردیا اور توہم پرستی کے رواج کا پردہ فاش کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حسینی علم کی ساکن متاثرہ لڑکی کی شادی تالاب کٹہ علاقہ کے نوجوان سے تین ماہ قبل ہوئی تھی ۔ شادی کے بعد نئی دلہن کی ناساز صحت پر تشویش کا شکار اس کے سسرالی رشتہ داروں نے بنڈلہ گوڑہ علاقہ کے ساکن ایک ڈھونگی بابا جس کا نام مظہر بتایا گیا ہے لڑکی کو اس سے رجوع کیا اور اس ڈھونگی خودساختہ عامل نے لڑکی کی مبینہ عصمت ریزی کی ۔ لڑکی نے اپنے اوپر ہوئے ظلم کو سسرالی رشتہ داروں سے بیان کیا ۔ تاہم سسرالی رشتہ داروں نے دلہن کی بات پر توجہ نہیں دی ۔ لڑکی جیسے ہی اپنے مائیکے پہونچی اس نے مائیکے والوں سے سارا واقعہ بیان کیا اور پھر بھوانی نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد مقدمہ کو بنڈلہ گوڑہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ پولیس بنڈلہ گوڑہ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ انسپکٹر پولیس بنڈلہ گوڑہ شاکر علی نے بتایا کہ مظہر بابا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ تاہم پولیس شدت سے مظہر کو تلاش کررہی ہے ۔ع